لاہور(این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی آمد پر اخراجات کی تفصیلات کے لیے دائر متفرق درخواست پر وفاقی حکومت اور دیگر کو 19مارچ کے لئے نوٹس جاری کر دئیے ۔ لاہو رہائیکورٹ کے جسٹس عاطر محمود نے اے کے ڈوگرایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ کو معلومات کے حصول کیلئے انفارمیشن کمیشن سے رجوع کرنا چاہیے ۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ مفاد عامہ کے کیسز میں انفارمیشن کمیشن سے
رجوع کرنا لازمی نہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد کی آمد پر عوام کے 20 کروڑ خرچ کیے گئے۔300 لگژری گاڑیاں کرائے پر لی گئیں ،ایف 16 اور ایف 17 نے مہمان کو ہوائی پروٹوکول دیا ۔جہازوں کے پروٹوکول آپریشنل پر عوام کے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے ۔درخواست گزارنے موقف اپنایا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے وزرا ء پر عوام کے پیسوں سے چائے پینے پر پابندی عائد کی تھی۔سعودی ولی عہد کے استقبال میں عوامی پیسوں کا ضیاع اسلامی قوانین کے منافی ہے۔