جہلم(این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مستعفی ہونے کی خبروں پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ میں نے ابھی کوئی استعفیٰ وزیراعظم آفس نہیں بھجوایا،ٹیم بنانا صرف وزیر اعظم کا کام ہے،وزیراعظم جسے بہتر سمجھیں گے ٹیم میں رکھیں گے جسے بہتر سمجھیں گے نہیں رکھیں گے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ایم ڈی پی ٹی وی کے معاملات کو لے کر میرے تحفظات ہیں۔
وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم سے میرا صرف سیاسی نہیں ذاتی تعلق بھی ہے، وزیراعظم فون اٹھا کر کہہ دیں گے تو وزارت چھوڑ دوں گا۔فواد چوہدری نے کہاکہ وزیراعظم سے میری ملاقات میں صورت حال واضح ہو گی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ملاقات میں وزیراعظم جو کہیں گے وہ کروں گا۔وزیراطلاعات نے کہاکہ ابھی تک میرا وزیراعظم سے کوئی رابطہ نہیں ہوا،پہلے وزیراعظم راجن پور تھے آج میں بھائی کی شادی میں مصروف تھا۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ پیر کو وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کروں گا۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ یہ اطلاعات غلط ہیں کہ میں نے استعفیٰ وزیراعظم آفس بھجوا دیا ہے۔صحافی نے سوال کیا کہ نعیم الحق کا کہنا ہے کہ آپ کا استعفیٰ وزیراعظم آفس کوموصول ہوچکا ہے؟ جس کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نعیم الحق کو کچھ بھی پتہ نہیں ہوتا اور ابھی تک میں نے وزیراعظم کو اپنا استعفیٰ نہیں بھجوایا۔ وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نہ تو میں نے استعفیٰ بھیجا ہے اور نہ ہی وزیراعظم نے ایسا کرنے کیلئے کہا۔اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہاکہ کچھ تحفظات ہیں جو وزیراعظم کے سامنے رکھے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے میرے ساتھ ہمیشہ مشفقانہ رویہ رکھا۔انہوں نے کہاکہ میرے لیے ان کا اعتماد اور ذاتی تعلق کسی بھی سرکاری عہدے سے زیادہ اہم ہے۔