لاہور(این این آئی) ہنڈائی نشاط موٹرز لمیٹڈ نے دونئی گاڑیاں سانتا فے اور گرینڈ اسٹاریکس متعارف کرادیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سانتا فے 5 سیٹر ایس یو وی گاڑی ہے جبکہ گرینڈ اسٹاریکس ایک چھوٹی وین ہے۔ہنڈائی کے چیف آپریٹنگ افسر ٹاٹسویا ساٹو نے لاہور کے امپوریم مال میں ہنڈائی کا اپنی نوعیت کا پہلا ڈیجیٹل ریٹیل اسٹور جہاں یہ گاڑیاں ڈسپلے پر کھڑی کی گئی ہیں کو متعارف کرواتے ہوئے کہا کہ صارفین کو ماحول دوست تجربہ دینے کے سفر کا یہ پہلا قدم ہے، جہاں وہ ہنڈائی کی بہترین گاڑیوں کے بارے میں جان سکیں گے۔
دونوں گاڑیاں ہنڈائی اور نشاط گروپ کی جانب سے مشترکہ طور پر بنائی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا نظریہ ہے کہ ہم سب سے زیادہ قابل قدر آٹوموبائل برانڈ بن کر سامنے آئیں اور پاکستان میں ہنڈائی کو دوبارہ کامیاب بنائیں۔خیال رہے کہ ہونڈائی اس سے قبل 2004 تک پاکستان میں اپنی گاڑیاں اسمبل کرتی رہی تھی مگر اس کے مقامی اشتراک دار کمپنی فاروق موٹرز لمیٹڈ کے دیوالیہ ہونے کے بعد کورین کمپنی نے اسمبلنگ بند کردی تھی۔اس گاڑی کے ذریعے وہ لگ بھگ 14 سال بعد پاکستان میں واپسی کرے گی۔