جہلم(این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے استعفے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت جھنڈا لگانے کیلئے نہیں دی گئی، پیر کو وزیراعظم سے ملاقات ہوگی، جو حکم دیں گے وہی کروں گا۔میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں فواد چودھری نے کہا کہ گزشتہ روز سے میرا کسی سے رابطہ نہیں ہو سکا کیونکہ میں بھائی کی شادی میں مصروف ہوں، ابھی تک استعفیٰ نہیں دیا، اس حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔اس موقع پر ایک صحافی نے ان سے
سوال کیا کہ نعیم الحق کا کہنا ہے کہ آپ کا استعفیٰ وزیراعظم آفس کو موصول ہو چکا ہے جس پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ ابھی تک میں نے وزیراعظم کو اپنا استعفیٰ نہیں بھجوایا، نعیم الحق کو کچھ بھی پتا نہیں ہوتا۔فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم سے سیاسی نہیں ذاتی تعلق ہے، پیر کو میری ان کیساتھ ملاقات ہے، جو ان کا حکم ہوگا وہی کروں گا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ مجھے وزارت جھنڈا لگانے کیلئے نہیں دی گئی، میرے ایم ڈی پی ٹی وی کے حوالے سے اختلافات موجود ہیں۔