اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین سابق صدر آصف علی زرداری نے واضح کیا ہے کہ بھارت نے کچھ بھی جارحانہ قدم اٹھایا تو پوری قوم ایک ساتھ فوجی جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی، تحریک انصاف کی حکومت کے بعد پاکستان دنیا میں مزید تنہا ہوچکا ہے،بھارت کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے ۔ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ جب وہ صدر تھے تب بھی پلوامہ جیسا واقعہ ہوا تھا اور ہم نے دنیا کو اپنے ساتھ رکھ کر ممبئی حملے جیسے واقعے کا سامنا کیا اور سفارتی سطح پر اسے ہینڈل کیا۔انہوں نے موجودہ حکومت نابالغ قرار دیا اور کہا کہ موجودہ حالات میں نابالغ حکومت کو سمجھ نہیں آرہی کہ کرنا کیا ہے؟۔انہوں نے واضح کیا کہ بھارت نے کچھ بھی جارحانہ قدم اٹھایا تو پیپلزپارٹی کے کارکن، عوام فوجی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور بھارت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔بھارت کی جانب سے پاکستان دنیا میں تنہا کرنے کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کئی سالوں سے دنیا میں تنہا ہوچکا ہے اور تحریک انصاف کی حکومت کے بعد پاکستان دنیا میں مزید تنہا ہوچکا ہے۔کشمیر کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اپنے دور میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا تھا۔
آج بھی کشمیر کے حوالے سے قرارداد آئی تو ساتھ دینگے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت ہم پر حملے کی جرات نہیں کرسکتا، اگر کیا تو منہ توڑ جواب دیں گے۔