اسلام آباد(آن لائن) قومی ایئرلائن پی آئی اے کے حکام نے کہا ہے ہم سعودی عرب سے رہا کیے گئے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو ارشد ملک نے سعودی شہزادے کی جانب سے قیدیوں کی رہائی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ
ہم حکومت پاکستان کی طرف سے حکم کا انتظار کر رہے ہیں اور اپنی خدمات دینے کیلئے تیار ہیں۔یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران سعودی جیلوں میں قید 2107پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اس حکم کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر سعودی عرب میں قید 2107 پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا گیا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی درخواست پر سعودی ولی عہد نے فی الفور سعودی عرب کی جیلوں میں قید 2107 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کو یقین دہانی کرائی تھی کہ پاکستانی قیدیوں کے لیے جو ممکن ہوسکا کریں گے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان سے کہا ’’آپ مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھیں۔