نئی دہلی (این این آئی)بھارت نے وزیراعظم عمران خان کے پلوامہ حملے پر دیئے گئے بیان پر اپنی روایتی ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے حملے کو دہشت گردانہ حملہ نہ ماننے پر کوئی حیرت نہیں ہوئی ہے،پاکستان کی طرف سے بھارت سے ثبوت مانگنا بلاوجہ کا عذر تراشنا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پلوامہ حملے میں تحقیقات کی پیشکش پر بھارت کی جانب سے روایتی ہٹ دھرمی برقرار ہے ۔ بھارتی وزرات خارجہ
نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پلوامہ حملے کو دہشت گردانہ حملہ نہ ماننے پر کوئی حیرت نہیں ہوئی ہے ۔پاکستانی وزیراعظم نے اپنے بیان میں پلوامہ حملے کی مذمت کی اور نہ ہی اس پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ بھارت پاکستان سے دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول میں جامع مذاکرات کیلئے تیار ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے بھارت سے ثبوت مانگنا بلاوجہ کا عذر تراشنا ہے۔