اسلام آباد (این این آئی) سپریم کورٹ کے سینئر وکلاء نے کہاہے کہ عالمی عدالت انصاف کو بھی یقین ہے کہ کلبھوشن بھارتی جاسوس ہے ، جس نے پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کی، پاکستان کی ٹیم پوری تیاری کے ساتھ مقدمہ لڑ رہی ہے ، بھارتی وکیل دلائل کی بجائے
کونسلر رسائی کا رونا رو رہے ،عالمی عدالت انصاف فیصلے میں بھارتی دلائل مسترد کر دیگی۔ ان خیالات کا اظہار صدر سپریم کورٹ بار امان اللہ کنرانی ، ایڈیشنل ایڈووکیٹ خیبر پختون خوازاہد یوسف ، سپریم کورٹ کے وکیل بیرسٹر عمر ملک ، سپریم کور ٹ کیوکیل رانا مبشر اور نائب صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن پشاور نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کیس کی سماعت ہو رہی ہے جس میں پاکستان اور بھارت کے وکیل اپنے اپنے دلائل دے رہے ہیں۔ پاکستان کے سینئر قانون دانوں کا ماننا ہے کہ کلبھوشن کا کیس جاسوسی کا ایک واضح کیس ہے ، کلبھوشن پاکستان میں دہشتگردی کرتا رہا جس کا اس نے خود اعتراف کیا۔قانون دانوں نے کہا کہ بھارتی وکیل عالمی عدالت انصاف میں پریشان دکھائی دے رہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ بھارت کے پاس کلبھوشن کو بچانے کے لئے کوئی ٹھوس شواہد نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عالمی عدالت انصاف بھارتی موقف کو رد کرتے ہوئے فیصلہ پاکستان کے حق میں سنائیگی