اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ بعض ممالک پاک ایران تعلقات میں خلل ڈالنا چاہتے ہیں، پاکستان اور ایران دہشت گردی کے خاتمے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،دہشت گردی کی روک تھام کے لئے تفریق کئے بغیر کارروائی کرنا ہوگی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق منگل کو پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے چالیس برسوں میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے
بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ ایران دہشت گردی کے خاتمے کے لئے علاقائی تعاون پر یقین رکھتا ہے۔ بعض ممالک پاک ایران تعلقات میں خلل ڈالنا چاہتے ہیں۔ خطے کے بعض ممالک اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں پر عمل پیرا ہیں۔ دہشت گردی کی روک تھام کے لئے تفریق کئے بغیر کارروائی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ خطے میں دہشت گردی کے خلاف نام نہاد اتحاد تماشے کے سوا کچھ نہیں پاکستان اور ایران دہشت گردی کے خاتمے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔