اسلام آباد (این این آئی)سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے حوالے سے سعودی ولی عہدے کے بڑے اعلان پر کارروائی شروع ہوگئی ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں قید 2107پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا شاہی فرمان جاری ہوگیا ۔
وزارت خارجہ نے ریاض سفارتخارنے اورجدہ قونصل خانے کو فہرستیں مرتب کرنے کی ہدایت جاری کردیں۔پاکستان کے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سعودی ولی عہد نے 2107 پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا تھا، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جلد از جلد پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے معاملات پر عملدرآمد کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں، دفتر خارجہ نے ریاض میں پاکستان کے سفارتخانے اور جدہ میں قونصل خانے کو ہدایات جاری کی ہیں کہ جن پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے ان کی فوری فہرستیں مرتب کی جائیں، ان کی پاکستانی واپسی کے لئے بروقت ضروری سفری دستاویزات اور سفر کے انتظامات کو مکمل کیا جائے تاکہ رہائی کے فوری بعد ان کی وطن واپسی ممکن ہوسکے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق زیادہ تر پاکستانی قیدیوں پر کفالہ نظام اور ملازمت کے معاہدوں کی خلاف ورزی کے مقدمات ہیں۔