لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی،
سالک حسین، حسین الٰہی، راسخ الٰہی اور وزیراعلیٰ کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل بھی موجود تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو عمرہ پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کسی قسم کی فکر نہ کریں انشاء اللہ ہماری جماعت بھرپور اور مثالی تعاون جاری رکھے گی۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے امور، آئندہ قانون سازی اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر کا استعفیٰ واپس ہو گیا ہے اور وہ کل سے اپنے دفتر میں بیٹھنا شروع کر دیں گے۔ اس موقع پر طے کیا گیا کہ پنجاب میں سابقہ دور میں بند کئے گئے غیر ملکی سرمایہ کاری والے ایسے میگا پراجیکٹس پر جلد کام دوبارہ شروع کیا جائے گا جن سے ہزاروں افراد کو روزگار ملنا تھا۔ اس سلسلہ میں سب سے پہلے لاہور میں النہیان سنٹر پر کام بحال کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روزگار مل سکے جبکہ پنجاب میں ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کیلئے ایم پی ایز سے ترقیاتی اسکیمیں وصول کرنے کے علاوہ فنڈز جاری کئے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں چولستان کے ہر غریب گھرانے کو ایک ایک سولر پینل فری دیا جائے گا جس سے دو پنکھے اور بلب چل سکیں۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی