اسلام آباد (این این آئی)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ یہ کیسی خارجہ پالیسی ہے جس میں تمام پڑوسی ممالک ہمارے دشمن بن گئے ہیں، یہاں تک کہ چین بھی ناراض ہے۔مردان میں ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایران ہم پر حملہ کرنے کی باتیں کررہا ہے۔ بھارت حملے کا الزام لگارہا ہے اور ڈیورنڈ لائن پر بھی اختلافات بڑھ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قرضے اور بھیک مانگنے سے ملک نہیں چلے گا،
ہم جعلی مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کرتے۔ پاکستانی روپے کی قدر موجودہ حکومت نے تباہ کردی ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب تک نیب اپوزیشن کے لوگوں کو پکڑ رہا تھا تو اچھا ادارہ تھا۔ جب نیب کے شکنجے میں حکومت آئی تو کہا نیب اپنے اختیارات سے تجاوز کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے تمام حلقے کشمیر کے معاملے پر خاموش ہیں۔ عمران خان کو عوام کے سامنے آنا ہوگا اور کشمیر پر واضح موقف سامنے لانا ہوگا۔