لاہور ( این این آئی)سیشن عدالت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے دائر ہتک عزت کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان کے وکیل بابر اعوان سے دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 22فروری تک ملتوی کر دی۔ گزشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج محمد امجد خان کی عدالت میں سابق وزیراعلی شہباز شریف کی وزیراعظم عمران خان کیخلاف ہتک عزت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عمران خان کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر بابر اعوان کو دلائل دینے کے لئے طلب کر لیا۔ شہباز شریف نے
وزیر اعظم پاکستان عمران کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کر رکھا ہے۔ وکیل کے مطابق سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف دس ارب روپے ہرجانے کا دعوی دائر کیا تھا کیونکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے شہباز شریف کے خلاف دھرنا ختم کرنے کے لیے پیسے دینے کا بے بنیاد الزام لگایا۔ وکیل شہباز شریف کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ شہباز شریف نے ایک شخص کے ذریعے دھرنا ختم کرنے کے متعلق مجھے کروڑوں روپے کی آفر کی تھی۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے خلاف 8 جولائی 2017 کو ہرجانے کا دعوی دائر کیا گیا تھا۔