کراچی(این این آئی)پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبانوں کی اندرون وبیرون ملک ہوٹل میں قیام کی سہولت ختم کردی ہے۔اس ضمن میں ذرائع نے بتایاکہ قومی ایئرلائن میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، اسی تناظر میں غیرضروری اخراجات کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات کرتے ہوئے پی آئی اے انتظامیہ نے پروازوں پر ڈیوٹی کرنے والے فضائی عملے کی ہوٹل میں قیام کی سہولت ختم کردی ہے۔ذرائع کے مطابق صرف
سعودی عرب میں فضائی میزبانوں کے ہوٹل میں قیام پر سالانہ 600ملین روپے اخراجات آتے تھے،اسی وجہ سے اب جدہ اور مدینہ جانیوالی تمام پرواز پر روانہ ہونے والا عملہ بغیر قیام کیے اگلی پرواز سے واپس پاکستان آجائے گا،اسی سلسلے میں پی آئی اے نے بینکاک،کوالالمپور میں بھی ہوٹل کی سہولت ختم کردی ہے۔مذکورہ سیکٹرز پر سہولت ختم کرنے سے پی آئی اے کو مجموعی طورپر سالانہ ایک ارب روپے کی بچت ہوگی۔