اسلام آباد (این این آئی)پنجاب کے سینئر وزیر عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ پولیس اصلاحات کے حوالے سے ڈرافٹ تیار ہوچکا ہے اصلاحات ہمارے ایجنڈا کا حصہ ہیں جلد ہوں گی،بیورو کریٹس کو کام کر نا پڑے گا ، جو بے ضابطگیوں کا مرتکب ہوا اسے ہٹا ئیں گے ،نوازشریف کی صحت خراب ہے تو ان سے دلی ہمدردی ہے ،سابق وزیر اعظم کو جائز حق ملنا چاہیے ،پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کا کوئی خطرہ نہیں ہے،
چوہدری برادران کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں ان کی ہر جائز بات تسلیم کریں گے،مانتا ہوں ہمارے دور میں بھی کرپشن ہورہی ہے،کرپشن کا سدباب ہونا چاہیے۔ اتوار کویہاں پنجاب کے سینئر وزیرعبدالعلیم خان نے اسلام آباد میں پارک ویو سٹی کی ایوارڈ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ساہیوال کی ابتدائی رپورٹ مل چکی ہے ،وزیراعلی پنجاب اور وزیرقانون اس حوالے سے کارروائی کا اعلان کر چکے ہیں ،پولیس اصلاحات کے حوالے سے ڈرافٹ تیار ہوچکا ہے ،پولیس اصلاحات ہمارے ایجنڈا کا حصہ ہیں وہ ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کے پاس جب پنجاب تھا تو انہوں نے خود کیا کیا؟پنجاب میں شہباز شریف کے منصوبے ہمارے لیے سفید ہاتھی ثابت ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اورنج ٹرین اؤر میٹرو کی بجائے ہسپتال بننے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ وزیراعلی پنجاب اچھے اور شریف آدمی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کا ساتھ اس وقت دینا شروع کیا تھا جب کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ عمران خان وزیراعظم بنیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب بننے کیلئے نہیں تبدیلی کیلئے عمران خان کا ساتھ دیا،ملک اور اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے عمران خان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے عوام سے جو وعدے کیے ،بیورو کریٹس کو کام کرنا پڑے گا جو بے ضابطگیوں کا مرتکب ہوا اسے ہٹائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا مقابلہ اپوزیشن سے نہیں اپنے کئے گئے ہوئے وعدوں سے ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی صحت خراب ہے تو ان سے دلی ہمدردی ہے ،ان کو ان کا جائز حق ملنا چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان چوہدری شجاعت کی بہت عزت کرتے ہیں،چوہدری برادران کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں ان کی ہر جائز بات تسلیم کریں گے۔ علیم خان نے کہاکہ مانتا ہوں ہمارے دور میں بھی کرپشن ہورہی ہے،کرپشن کا سدباب ہونا چاہیے،اگر کرپشن نچلی سطح پر ہورہی ہے تو اسکا سد باب ضروری ہے۔ عبد العلیم خان نے کہاکہ ابھی ہماری گرفت زیادہ مضبوط نہیں ہوئی،صرف عمران خان اور وزیرکا ایماندار ہونا کافی نہیں ہے، انہوں نے کہاکہ کرپشن میں وزیر اور ارکان پارلیمنٹ سمیت جو بھی کرپشن میں ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو جیل میں تمام طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، جو قانون کے مطابق انکا حق ہے انہیں دیا جائے گا، وزیر اعظم نہ وزیر اعلی کسی نے انہیں طبی سہولیات کی فراہمی سے نہیں روکا۔علیم خان نے کہاکہ کرپشن میں ملوث آفسران کو آج بھی کہتا ہوں کہ وہ ایسی چیزوں سے باز رہیں،تحریک انصاف کرپشن مخالف منشور پر اقتدار میں آئی تھی۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ عمران خان کے دل میں چوہدری شجاعت حسین کی عزت ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ سانحہ ساہیوال پر تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ پیش کر دی گئی،وزیر قانون پنجاب نے اس حوالے سے آگاہ کیا۔ ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ شاہ محمود قریشی کی صوبائی نشست پر الیکشن لڑنے سے متعلق عمران خان فیصلہ کریں گے،جو فیصلہ عمران خان کریں گے وہ سب مانیں گے۔