راولپنڈی (آن لائن)مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے چھ ماہ بعد بھی زچہ بچہ ہسپتال پروجیکٹ راولپنڈی پر کام ابھی تک شروع نہیں کیا جا سکا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم جولائی 2018 کو سپریم کورٹ نے 18 مہینوں کے اندر ہسپتال فعال کرنے کے لئے ہدایات جاری کی تھیں تاہم اصغر مال روڈ پر واقعہ نامکمل عمارت میں ابھی تک کام شروع نہیں کیا جا سکا ہے ۔ سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار
نے بھی الیکشن دنوں میں اس زیر تعمیر ہسپتال کا دورہ کیا تھا اور حکام کو اسے 18 مہینوں کے اندر آپریشنل بنانے کی ہدایت جاری کی تھی ۔ ہسپتال کی تعمیر کا افتتاح اس وقت کے وزیر اعظم شوکت عزیز نے 8 اپریل 2005 ء میں کیا تھا اور شیخ رشید بھی اس وقت ان کے ساتھ موجود تھے تاہم یہ عمارت ابھی تک نامکمل ہے کیونکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت اپنے دونوں ادوار میں پنجاب میں اس کو مکمل کرنے میں ناکام رہی ہے ۔