لاہور( این این آئی )پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز نے فضائی میزبانوں سے وزن کم کرنے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ زیادہ وزن والی فضائی میزبانوں کو بین الاقوامی پروازوں سے آف لوڈ کرنے پر غور شروع کر دیا ۔ پی آئی اے کے جنرل منیجر فلائٹ سروسز نے تفصیلات طلب کی ہیں ۔یاد رہے انتظامیہ نے ایئرلائن کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے جہاز کے عملے کو قد اور عمر کے لحاظ سے وزن کم کرنے کیلئے کہا تھا اور فضائی میزبانوں سمیت جہاز کے
عملے کو وزن کم کرنے کے لئے چھ ماہ کی مہلت دی گئی تھی۔انتظامیہ نے 31جنوری تک جن ملازمین کا وزن عالمی معیار سے 30پاؤنڈ زیادہ ہے ان سب کو گراؤنڈ کرنے کی وارننگ دی تھی، جن ملازمین کو مہلت دی گئی ہے ان کی تعداد 1800سے زائد ہے۔اس حوالے سے ایک گائیڈ لائن بھی فراہم کی گئی تھی جس کے تحت فروری میں 25 پاؤنڈ، مارچ میں 20، اپریل میں 15، مئی میں 10 اور جون میں باقی ماندہ 5 پاؤنڈ وزن کم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔