کراچی(نیوزڈیسک)گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں958پوائنٹس کا اضافہ ہواہے، جس کے بعدکے ایس ای100انڈیکس 40ہزار 264پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا، جس کی سب سے بڑی وجہ منی بجٹ سے سرمایہ کاروں کی توقعات تھی، حکومت نے ٹریڈنگ پر عائد اعشاریہ 2فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کے اعلان کیساتھ ساتھ کمپنیوں کیلئے سپر ٹیکس کے ختم کرنے کا اعلان بھی کیا۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ایک ہفتے کے دوران 958پوائنٹس کا
اضافہ ہوا جس کے بعد 100انڈیکس 40ہزار 264پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ تیزی کے باعث حصص کی مالیت بھی 125ارب روپے تک بڑھ گئی، مقامی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ فارن انویسٹرز نے بھی تقریبا 33لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز خریدے۔ سٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق توقع تھی کہ حکومت کیپٹل گین ٹیکس کو بھی ختم کرنے کا اعلان کرتی، مگر اب بھی جو اعلان کیے گئے ہیں، ان سے بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری بڑھنے کا امکان ہے اور مستقبل میں اس بات کے امکانات ہیں کہ اسٹاک مارکیٹ بلندیوں کے نئے ریکارڈ بھی بنا سکتی ہے۔