لاہور ( این این آئی) پاکستان میں رائے عامہ کے ایک حالیہ جائزے کے مطابق ملک میں 51فیصد افراد کے خیال میں حکومت سنبھالنے سے اب تک وزیر اعظم عمران خان کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں رائے عامہ کے جائزے کرنے والے ادارے گیلپ اینڈ گیلانی نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے بارے میں عوامی رائے کا ایک جائزہ کیا جس میں 1141افراد نے حصہ لیا۔ گیلپ اینڈ گیلانی پاکستان کی جانب سے
چاروں صوبوں میں یہ جائزہ کیا گیا اور اس میں سروے میں شامل افراد سے پوچھا گیا کہ ان کی رائے میں وزیر اعظم عمران خان کی 2018ء کے انتخابات جیتنے کے بعد اب تک کارکردگی کیسی رہی۔ اس سوال کے جواب میں 13فیصد کے خیال میں کارکردگی بہت اچھی تھی ،38فیصد کے خیال میں اچھی جبکہ 26فیصد کی نظر میں خراب اور 20فیصد کی نظر میں بہت خراب۔ سروے میں شامل بقیہ 3فیصد نے یا تو کوئی رائے نہیں دی یا انہوں نے کارکردگی کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا۔ادارے کے مطابق جائزے میں شامل افراد ملک بھر میں مختلف آراء رکھنے والی عوام کی نمائندگی کرتے ہیں۔جہاں وزیر اعظم عمران خان اور سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے لیے یہ اعداد شمار خوش آئند ہیں وہیں اِن پر گہری نظر ڈالیں تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ وزیر اعظم کی مقبولیت شہری علاقوں اور پچاس سال سے کم عمر افراد میں زیادہ ہے جبکہ دیہی علاقہ جات میں 49 فیصد افراد کے خیال میں وزیر اعظم کی کارکردگی یا تو خراب رہی یا بہت خراب رہی۔ دیہی علاقوں میں 47فیصد افراد وزیراعظم کی کارکردگی کے بارے میں مثبت رائے رکھتے ہیں۔پچاس سال سے زیادہ عمر کے افراد میں عوامی رائے کے بر عکس 51فیصد کے خیال میں وزیر اعظم کی کارکردگی یا تو خراب رہی یا بہت خراب رہی اس کے مقابلہ میں 43فیصد وزیر اعظم کی کار کردگی کو مثبت نظر سے دیکھتے ہیں۔