کراچی(وائس آف ایشیا)کراچی کے ڈرگ روڈاسٹیشن پر فریٹ ٹرین کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئی ہیں،حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں گذشتہ روز وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دوسری فریٹ ٹرین کا افتتاح کیا تھا۔ ہفتے کی صبح کراچی سے سامان لے کر روانہ ہونے والی اسی ٹرین کی بوگیاں ڈرگ روڈ کے قریب اتر گئیں۔ حادثے کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔
نجی شعبے اور ریلوے کی مشترکہ شراکت داری سے چلنے والی اس مال گاڑی کی 25 بوگیاں ہیں اور یہ ایک وقت میں 1 ہزار 250 ٹن سامان لے جاسکتی ہے۔ اس ٹرین کے ایک چکر میں 50 کنٹینرز کی ترسیل ہوسکتی ہے۔شیخ رشید نے دعوی ٰکیا تھا کہ 20 نئی مال گاڑیاں چلائی جائیں گی جبکہ انھوں نے کہا تھا کہ مسافر گاڑیاں چلانا کوئی کمال نہیں، آج ٹرینیں دستیاب ہوں تو سڑکوں کا سارا رش ٹریک پر لے آئیں گے۔