اسلام آباد/دبئی(این این آئی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے دبئی میں خان صاحب لیبر کیمپ جبل علی کا دورہ کیا اس موقع پر زلفی بخاری پاکستانی مزدوروں سے گھل مل گئے۔ ہفتہ کو دورے کے دور ان معاون خصوصی نے کمرے، کھانے والی جگہ اور مسجد کا جائزہ لیا ،پاکستانی مزدوروں سے کھانے پینے اور رہنے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔معاون خصوصی نے قانونی چینلز کے ذریعے رقم
پاکستان بھیجنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بینکوں کے ذریعے پیسے بھیجنے سے ملک کی خدمت ہوگی۔ معاون خصوصی نے کہاکہ مزدوروں کا خیال کرنا میری اور اوورسیز وزارت کی ذمہ داری ہے۔ زلفی بخاری نے کہاکہ پاکستانیوں کو غیر ملکوں میں تنہا نہیں چھوڑیں گے،ریاست آپ کے پیچھے کھڑی ہے،حکومت کو اپنی ذمے داریوں کا احساس ہے۔انہوں نے کہاکہ بیرون ملک میں کام کرنے والے پاکستانی اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔