اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف نے قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ کیلئے اپنی جماعت کے ناموں کی حتمی منظوری دیدی ہے ، کسی خاتون کو قائمہ کمیٹی کی سربراہی نہیں دی گئی، قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ ان ارکان کو نہیں دی گئی جو پہلے کبھی وزیر رہے ہوں ۔
جمعہ کو مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف نے قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ کیلئے ناموں کو حتمی منظوری دی ۔ مسلم لیگ (ن) کو 9 قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی مل گئی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے حصے میں 6 قائمہ کمیٹیوں اور ایم ایم اے کے حصے میں 2 قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ آئی ہے۔مسلم لیگ (ن) کو ملنے والی کمیٹیوں میں مواصلات کی چیئرمین شپ ڈاکٹر عبادعبدالرحمن ،اطلاعات و نشریات کی سربراہی جاوید لطیف ،ریلوے معین وٹو ،سائنس وٹیکنالوجی ساجد مہدی ،دفاعی پیداوار افتخار نذیر ،وفاقی تعلیم وتربیت نجیب اویسی ،ٹریڈ کامرس اینڈ ٹیکسٹال شیخ فیاض ، نیشنل فوڈ سیکورٹی راؤ اجمل اور کشمیر و گلگت بلتستان کی قائمہ کمیٹی کی چیئرمین شپ رانا شمیم کو دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ایم ایم اے کے مولانا اسعد محمود کو وزارت مذہبی امور جبکہ مولانا صلاح الدین کو نارکوٹکس کی قائمہ کمیٹی کی سربراہی دی جائیگی۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں مجموعی طور پر 38 قائمہ کمیٹیوں میں سے حکومت کو 20 جبکہ اپوزیشن کو 18 کی سربراہی ملی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف نے قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ کیلئے اپنی جماعت کے ناموں کی حتمی منظوری دیدی ہے ، کسی خاتون کو قائمہ کمیٹی کی سربراہی نہیں دی گئی، قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ ان ارکان کو نہیں دی گئی جو پہلے کبھی وزیر رہے ہوں