اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیر اسحاق ڈار کی جائیداد کی نیلامی کے معاملہ پر تبسم اسحاق ڈار کے اعتراض پر نیب نے جواب جمع کروا دیا۔ نیب کے مطابق گلبرگ تھری لاہور کا گھر کسی صورت بھی اسحاق ڈار کی اہلیہ کو نہیں دیا جا سکتا ۔نیب کے جواب میں کہاگیا کہ تبسم اسحاق ڈار کے پاس کوئی ثبوت نہیں کہ یہ گھر انہیں تحفے میں ملا۔ نیب کے مطابق ریکارڈ کے مطابق یہ گھر اشتہاری ملزم اسحاق ڈار نے ہی 1988 میں
خریدا ۔نیب کے مطابق اشتہاری ملزم کی جائیداد نیب نے 2 اکتوبر 2018کے عدالتی احکامات پر ضبط کی۔ نیب کے جواب کے مطابق احتساب عدالت نے پنجاب حکومت کو گھر ضبط کر کے نیلام کرنے کا اختیار دے رکھا ہے۔یاد رہے کہ تبسم اسحاق ڈار نے جائیداد ضبطگی کو احتساب عدالت میں چیلنج کیا تھا ۔ تبسم اسحاق ڈار نے موقف اختیار کیا تھا کہ گھر مجھے 14فروری 1989کو اسحاق ڈار نے تحفے میں دیا تھا ۔