اسلام آباد( آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کی سیکریٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے سوال کیا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کے خلاف را و لپنڈی میں ٹرائل کرنے کا اصل ایجنڈا کیا ہے کیونکہ اسی شہر میں شہید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا قتل ہوا تھا۔ ایک بیان میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ الزامات کراچی کے ہیں تو پھر ان الزامات کا ٹرائل راولپنڈی میں کیوں؟ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ٹرائل بھی لاہور اور راولپنڈی میں کیا گیا تھا۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید
کے خلاف ریفرنس بھی لاہور اور راولپنڈی میں داخل کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کو ایک بار پھر غلط پیغام دیا جا رہا ہے۔ ا نہوں نے خبردار کیا کہ اس قدر ناانصافی نہ کی جائے کہ عوام بے قابو ہو جائے جو کٹھ پتلی حکومت سے سنبھل نہیں پائے گا۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ جعلی اکا ؤ نٹس پنجاب اور کے پی کے بھی سامنے آئے ہیں۔ پنجاب اور کے پی میں کسی اکا ؤ نٹ کی تحقیقات نہیں ہوئیں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہر سطح پر سیاسی انتقام اور ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھائے گی۔