لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قصور کے علاقے ڈھنگ شاہ میں پی ٹی آئی کے مقامی چیئرمین خالد محمود ڈوگر کی جانب سے شہری کے گھر پر قبضے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ غریب شہری کے گھر کا قبضہ واگزار کرایا جائے اور مظلوموں کی دادرسی کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت
کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی اور اس ضمن میں کسی قسم کا دباؤ قبول نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عملدرآمد جاری رکھا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف موثر کارروائی کی جا رہی ہے۔قبضہ مافیا ناسور ہے اور اس کا خاتمہ ضروری ہے۔