اسلام آباد(اے این این) قومی احتساب بیورو(نیب)لاہور کے ڈائریکٹر جنرل(ڈی جی)سلیم شہزاد کی جعلی ڈگری سے متعلق کیس میں نیب نے سپریم کورٹ میں اپنی رپورٹ پیش کر دی۔جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نیب لاہور کے ڈی جی سلیم شہزاد کی جعلی ڈگری سے متعلق کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت نیب کی جانب سے بند لفافے میں رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیے کہ تمام دستاویزات کا جائزہ لے کر کیس کا فیصلہ کریں گے۔دوران سماعت وکیل اظہر صدیق
نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد ہو چکا ہے، درخواست گزار کوئی نیا پنڈورا بوکس کھولنا چاہتے ہیں۔درخواست گزار نے عدالت میں کہا کہ اگر جھوٹ بولوں تو سزا دی جائے، جس پر عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیئے کہ ڈائیلاگ بولیں گے تو نہیں سنیں گے، منطق سے دھیمی آواز میں بات کریں ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ شہزاد سلیم کی ڈگری پر رپورٹ اور جواب جمع کرایا ہے۔بعدازاں عدالت عظمیٰ نے کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔