اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان اسمبلی نے وزراء کے رویئے پر گلے شکوے کئے ہیں جس پر وزیر اعظم عمران خان نے وزراء کو اراکین سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کووزیراعظم کی زیر صدارت تحریک انصاف پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے اراکین اور سینیٹرز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اراکین نے وزیر اعظم سے شکوہ کیا کہ وفاقی وزراء ہم سے ملاقات
نہیں کرتے۔ اراکین نے کہاکہ حکومتی پالیسیوں پر بھی ہمیں اعتماد میں نہیں لیا جارہا۔ اراکین کے مطابق اپنے حلقوں میں عوام کا دوبارہ سامنا کیسے کریں گے، ووٹرز پریشان ہے۔وزیر اعظم نے وزراء کو اراکین سے رابطے رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہاکہ ہم نے روزانہ ایک وزارت کی طرف سے تفصیلی بریفنگ کا سلسلہ شروع کیا ہے، خزانہ، بجلی ڈویژن اور منصوبہ بندی کی وزارتوں کی بریفنگ ہوچکی ہے، ارکان کے مختلف وزراتوں سے متعلق شکایات کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ پرویزخٹک نے کہاکہ اراکین کے تحفظات دورکئے جائیں گے۔