کراچی(اے این این)سندھ کے مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہر چیز کا الزام ماضی کی حکومتوں پر لگانا درست عمل نہیں ہے۔ اپوزیشن کے بیانات کو درست سمت میں لیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس کے بعد صوبائی مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس امن و امان کے حوالے سے ہوا۔
اس ہفتے کوئی بڑا واقعہ نہیں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کو کورنگی والے واقعے پر بھی بریفنگ دی گئی، وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ پولیس نے 70 ہزار لیٹر ڈیزل تحویل میں لیا۔ وزیر اعلیٰ نے پولیس افسران کو کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت دیں۔مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی میں جگہ جگہ ناکوں اور چیک پوائنٹس پر بھی گفتگو کی گئی، وزیر اعلیٰ سندھ نے ٹریفک کی روانی متاثر نہ کرنے کی ہدایت کی۔ فینسی نمبر پلیٹس سے متعلق فوری کریک ڈاؤن کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی، ایکسائز ڈپارٹمنٹ میں ایک لاکھ 60 ہزار کے قریب نمبر پلیٹس تیار ہیں۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن کے بیانات کو درست سمت میں لیں۔ سیف سٹی سے متعلق پروپوزل تیار ہو رہا ہے، جلد کام شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی بھی ایک حد ہوتی ہے، سب کچھ نہیں بولنا ہوتا۔ فواد چوہدری کا تعلق جمہوریت یا عوام سے نہیں طاقت سے ہے۔ ان کا کام صرف بیانات کی حد تک ہے۔ ہر چیز کا الزام ماضی کی حکومتوں پر لگانا درست عمل نہیں ہے۔