اسلام آباد (آن لائن)سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی جے آئی ٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی اعجاز شاہ نے تحقیقاتی رپورٹ مرتب کرنے سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دعوے کی تردید کر دی ہے۔ جے آئی ٹی کے سربراہ اعجاز شاہ نے کہا کے تحقیقاتی رپورٹ30روز میں مکمل ہوگی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تحقیقاتی رپورٹ منگل کی شام 5بجے مکمل کرنے کے بعد ایکشن لینے کا دعویٰ کیا تھا جوکہ بے بنیاد نکلا۔ گزشتہ روز ایڈیشنل آئی جی اعجاز شاہ نے میڈیا سے گفتگو
کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اتنے بڑے واقعہ کی رپورٹ تین روز میں مکمل ہونا ناممکن ہے تمام پہلوؤں سے ہم تحقیقات کریں گے اور جامع رپورٹ مرتب کی جائے گی اور گناہگاروں کا تعین کریں گے۔ دوسری طرف پیر کو میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ تحقیقاتی رپورٹ 72گھنٹے میں آجائے گی اس کے بعد آپ دیکھیں گے کے نئے پاکستان میں ہم کیا ایکشن لیتے ہیں ملزمان کو سخت سزا دی جائے گی ایڈیشنل آئی جی کے بیان کے بعد یہ دعویٰ دھرے کا دھرے رہ گیا ہے۔