اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء وسابق اپوزیشن لیڈرسید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین وسابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد وسابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے درمیان جلد ملاقات ہوگی،حکومت فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر سنجیدہ نہیں، فواد چودھری کوذمہ داری دینے سے حکومت کی غیرسنجیدگی واضح نظرآرہی ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ محمد نواز شریف ابھی جیل
میں ہیں جب وہ باہر آئینگے تو ان کی اور آصف علی زرداری کی جلد ملاقات ہو جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کے درمیان ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اس میں کوئی نئی بات نہیں،انہوں نے کہا کہ وقت کیساتھ چیزیں بدلتی رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر سنجیدہ نہیں، فوجی عدالتوں میں توسیع پروزیراعظم خودذمہ داری لیتے توبات سمجھ میں آتی۔ انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کوذمہ داری دینے سے حکومت کی غیرسنجیدگی واضح نظرآرہی ہے، اپوزیشن جماعتیں فواد چودھری سے مطمئن نہیں ہیں۔