لاہور(آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ساہیوال متاثرین کو انصاف ملنے تک ان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نے ساہیوال واقعہ پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے پارٹی کو انصاف کی فراہمی تک متاثرین کا ساتھ دینے کی ہدایت کر دی۔ مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف بہت باہمت شخص ہیں، ان کے کچھ ٹیسٹ ہوئے ہیں جن کی رپورٹس زیادہ اچھی نہیں آئیں۔ خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ
پروفیسر شاہد حمید کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی ٹیم ان کا طبی معائنہ کررہی ہے اور ان کے مزید کچھ ٹیسٹ ہونے ہیں جبکہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی اس موقع پر موجود ہیں۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ نواز شریف نے کارکنوں کو سلام بھجوایا ہے اور ان سے دعا کرنے کی درخواست کی ہے، نواز شریف ساہیوال کے واقعہ پر بہت رنجیدہ ہیں ،وہ جیل میں ہونے کی وجہ سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیلئے نہیں جا سکتے لیکن انہوں نے پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرین کو انصاف ملنے تک ان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی رہے ۔