اسلام آباد( وائس آف ایشیا) چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے نام پر سوشل میڈیا پر پانچ جعلی اکاؤنٹس بنائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے فیس بک انتظامیہ اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے ملزموں کی شناخت کے لیے مددمانگ لی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنے نام سے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنانے والوں کے خلاف کارروائی
کا حکم دیا تھا۔یاد رہے کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کے ملک کے 26 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اْٹھانے کے بعد ترجمان سپریم کورٹ نے 19 جنوری کو ایک بیان جاری کیاجس میں کہا گیا کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا ٹویٹر یا فیس بْک پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے ایسے اکاؤنٹس بلاک کر کے ان کے خلاف کارروائی کریں۔