اسلام آباد( وائس آف ایشیا)پاکستان تحریک انصاف نے گذشتہ دور حکومت میں لیگی حکومت کے نمائندوں اور وزرا کو بیرون ملک علاج کروانے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ پی ٹی آئی کے بر سر اقتدار آنے کے بعد عمران خان اور ان کی جماعت کے لیے کڑا امتحان تھا کہ اب وہ کیسے عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی بچت کرتے ہیں ، اقتدار میں آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کرنے اور حکومتی وزرا اور ارکان کے اخراجات میں کمی کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر انہیں خوب سراہا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے وزرا اور حکومتی ارکان نے کفایت شعاری پالیسی اپنائی تاہم اب حکومت نے وزرا اور حکومتی ارکان کو سرکاری اسپتالوں سے علاج کروانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے جس کی مثال پہلے کہیں نہیں ملتی۔وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا کہ سرکاری اسپتالوں میں وفاقی و صوبائی وزرا اور ان کے اہل خانہ کے علاج معالجہ کے لئے جانے سے ان اداروں کی کارکردگی اور معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور تحفظات کا خاتمہ ممکن ہو گا۔