ساہیوال (آن لائن ) سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے تحقیقات سے متعلق غیرسنجیدہ رویہ اپناتے ہوئے عینی شاہدین کو مقابلے کی جگہ پربلایا لیکن بیان ریکارڈ نہ کیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سی ٹی ڈی مقابلے کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقات ٹیم (جے آئی ٹی) افسر شاہی پر اتر آئی۔ جے آئی ٹی نے ساہیوال ٹول پلازہ کے عملہ اور مقامی پولیس حکام کے بیانات ریکارڈ کرلیے عینی شاہدین خراب موسم میں مقابلے کی جگہ پر پہنچے تاہم کسی نے ان کا بیان قلم بند کرنا گوارہ نہ کیا۔ عینی شاہدین بھی
سوال اٹھا رہے ہیں، جنھوں نے سب کچھ دیکھا، ان کے بیانات کے بغیر رپورٹ شفاف کیسے ہو گی۔ عینی شاہد کا کہنا ہے وہ یہاں آئے پولیس سے رابطہ کیا تو انہوں نے ساہیوال پولیس لائن میں جا کر بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کر دی۔ سانحہ ساہیوال کے بعد سے ملک بھر میں سوگ کی کیفیت ہے، ہر پاکستانی اس دلخراش واقعے سے صدمے میں مبتلا ہے۔ اس واقعے کی بازگشت پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی سنائی دی جہاں اپوزیشن کے رہنماؤں نے حکومت سے اس سانحہ کے ضمن میں قومی اسمبلی کی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا۔