لاہور( این این آئی) ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے خلیل کے بچوں کے ہسپتال سے گھر پہنچنے پر ایک مرتبہ پھر کہرام مچ گیا اور اہل خانہ اور رشتہ دار بچوں کوگلے لگاکر روتے رہے ، خلیل اور ذیشا ن کے گھروں پر دوسرے روز بھی تعزیت کیلئے آنے والوں کا تانتا بندھا رہا ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز ساہیوال میں سی ٹی کی جانب سے مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے خلیل کا بیٹا عمیر اور بیٹی منیبہ زخمی ہو گئے تھے جنہیں پہلے ساہیوال کے مقامی ہسپتال میں طبی امداد دی گئی اور اس کے بعد وزیر اعلیٰ کے
حکم پر اتوار کے روز صبح پانچ بجے جنرل ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیااور دونوں ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔گزشتہ روز عمیر اور منیبہ کو ہسپتال سے ڈسچارج کر کے گھر منتقل کر دیا گیا تاہم دونوں کے گھر پہنچنے پر گھر میں ایک مرتبہ پھر کہرام مچ گیا اور اہل خانہ اور رشتہ دار بچوں کو گلے لگا کر روتے رہے ۔ علاوہ ازیں خلیل اور ذیشان کے گھروں پر تعزیت کے لئے آنے والوں کا تانتا بندھا رہا جس سے فضاء سوگوار رہی ۔ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے بھی اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔