اسلام آباد (این این آئی )پاکستان مسلم لیگ کی صوبائی و قومی اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس پاکستان مسلم لیگ کے صدرو سابق وزیراعظم پاکستان چودھری شجاعت حسین کی زیر صدارت ان کی رہائش گاہ اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ جس میں ملک کے سیاسی و معاشی حالات زیر غور آئے خاص طور پر صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر کے استعفیٰ پر ارکان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے اپنے اپنے حلقوں میں موجودہ صوبائی اور و فاقی حکومت کے منفی رویوں پر تشویش کا اظہار کیااور مسلم لیگی قیادت چودھر ی شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کو آگاہ کیا۔کے پی کے سے ایم پی اے مفتی عبید الرحمن نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور چوہدری شجاعت حسین کو کے پی کے کہ معاملات کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس کی صدارت پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کی۔اجلاس میں سپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی، وفاقی وزیر چوہدری طارق بشیر چیمہ، چوہدری مونس الٰہی(ایم این اے)، چوہدری سالک حسین(ایم این اے)، چوہدری حسین الٰہی(ایم این اے)، مسز فرخ خان (ایم این اے)، وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر، چوہدری شجاعت نواز اجنالہ، ساجد علی بھٹی، احسن الحق، محمد رضوان ، ڈاکٹر محمد افضل، محمد عبدلایوسف، خدیجہ فاروقی، کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان کامل علی آغا اور میاں منیر بھی شامل تھے۔اجلاس میں ساہیوال کے افسوس ناک اور المناک سانحہ پر ارکان نے ایک قرار داد کے ذریعے شدید تشوش کا اظہار کیا اور مظلوم خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سانحہ کہ ذمہ دارن کو قرار واقع سزا دی جائے تا کہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں لوا حکین کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔اجلاس نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ ایک اور قرارداد کے ذریعے ملک میں بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے چودھر ی شجاعت حسین پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کرنے کا اختیار ان کو دے دیا۔