اسلام آباد (این این آئی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ امور کے چیئر مین سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے کہا ملک میں داعش نہیں ہے، اگر داعش نہیں ہے تو پھر ساہیوال میں یہ کیسے آگئی؟۔ پیر کو اسلام آباد میں داخلہ امور کے لیے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین کمیٹی رحمان ملک نے کہا کہ سانحہ ساہیوال سے متعلق تمام سوالات پر غورکرنا ہوگا ،کمیٹی کے سوالات بھی جے آئی ٹی کو فراہم کیے جائیں۔چیئرمین کمیٹی رحمان ملک نے اجلاس میں کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو وزیر اعلیٰ پنجاب
کو کمیٹی میں بلائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے پہلے کہا ملک داعش نہیں، اگر داعش نہیں ہے تو پھر ساہیوال میں یہ کیسے آگئی؟دوران اجلاس رحمان ملک نے کہا کہ کمیٹی پنجاب حکومت کی پیش کردہ رپورٹ کا باقاعدہ تفتیش و معائنہ کریگی اوریہ لائحہ عمل تیار کرے گی کہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔چیئرمین قائمہ کمیٹی رحمان ملک نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے کہا گاڑی سے فائر ہوا، لیکن کسی کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔دوسری جانب کمیٹی نے سانحہ ساہیوال سے متعلق مختلف چینلز پر چلنے والی ساری فوٹیجز بھی طلب کرلیں۔