لاہور( این این آئی) پنجاب بار کونسل نے ساہیوال واقعہ کے خلاف پیر کے روز صوبہ بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا ۔پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین کے مطابق ساہیوال میں پیش آنے والے واقعہ کیخلاف آج پیر کے روز ہڑتال کی جائے گی او روکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے ۔ بار ایسوسی ایشنوں میں واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی جائے گی۔دریں اثناء تحریک انصاف نے سانحہ ساہیوال کے معاملے پر پنجاب اسمبلی میں توجہ دلا ؤنوٹس جمع کرا دیا۔ تحریک انصاف کی خاتون رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائے گئے توجہ دلا نوٹس میں
استفسار کیا گیا ہے کہ کیا یہ درست ہے کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے ساہیوال میں جی ٹی روڈ پر اڈا قادر کے قریب جعلی مقابلہ بنایا۔کیا یہ درست ہے کہ ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے یہ بیان جاری کیا گیا ہے کہ ٹول پلازہ کے پاس سی ٹی ڈی ٹیم نے ایک کار اور موٹرسائیکل کو روکنے کی کوشش کی اور جس پر کار میں سوار افراد نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کردی اور جوابی فائرنگ میں داعش کے دہشتگرد ہلاک ہوئے؟۔توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اب تک کی جانے والی کارروائی سے متعلق ایوان کو آگاہ کیا جائے اور کیا اس کیس میں انصاف ہوگا؟۔