لاہور( این این آئی) ساہیوال میں سی ٹی ڈی سے مبینہ مقابلے میں جاں بحق ہونے والے چار افراد کی لاشیں گھروں میں پہنچنے پر کہرام مچ گیا ، اہل خانہ ، رشتہ دار اورمحلے دار دھاڑیں مار مار کر روتے رہے جس کی وجہ سے انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھن میں آئے، دو خواتین غم سے نڈھال ہو کر بیہوش بھی ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں سی ٹی ڈی سے مبینہ مقابلے میں جاں بحق ہونے والے خلیل ، اس کی اہلیہ نبیلہ ، بیٹی اریبہ اور ڈرائیور ذیشان کی میتیں پوسٹمارٹم کے بعد کوٹ لکھپت میں ان کے گھروں پر لائی گئیں تو ایک کہرام مچ گیا اور انتہائی رقت آمیز مناظر
دیکھنے میں آئے۔اس موقع پر خواتین پولیس اہلکاروں کی جھولیاں اٹھا اٹھا کر بددعائیں دیتی رہیں جبکہ دو خواتین شدت غم سے نڈھال ہو کر بیہوش ہو گئیں ۔ساہیوال میں مبینہ پولیس مقابلے میں میاں بیوی اور بچی سمیت چار افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر ملک بھر میں فضاء سو گوار رہی ۔ گھروں ،تجارتی مراکز اورپبلک مقامات پر عوام کی جانب سے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں اور جو بھی اہلکار اس میں ملوث ہیں انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔