پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) افغان امور کے ماہر رحیم اللہ یوسف زئی نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں کہاکہ طالبان کا مطالبہ ہے کہ امریکہ غیر ملکی افواج کے افغانستان سے انخلاء کا ٹائم ٹیبل دے، امریکہ نے یہ مطالبہ نہیں مانا، انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں اس وقت تعطل ہے اور پاکستان کی جانب دیکھا جا رہاہے، پاکستان کا اس وقت کلیدی کردار ہے، رحیم اللہ یوسف زئی نے کہاکہ اب اسلام آباد میں اگر مذاکرات ہوتے ہیں تو یہ طالبان اور امریکہ کے مذاکرات ہوں گے جو پہلے بھی ہوچکے ہیں،
انہوں نے کہا کہ اصل بات یہ ہے کہ طالبان افغان حکومت سے مذاکرات کے لیے تیار ہوتے ہیں یا نہیں۔ افغان امور کے ماہر رحیم اللہ یوسف زئی نے پروگرام کے دوران کہا کہ امریکہ کی طرف سے طالبان سے براہ راست مذاکرات بھی ایک پیش رفت ہے، امریکہ یہ چاہے گا کہ افغان حکومت مذاکرات میں شامل ہو اور تینوں فریق مل کر طے کریں کہ غیر ملکی افواج کا انخلاء کب ہوگا، انہوں نے کہا کہ اپنا کوئی نہ کوئی مطالبہ طالبان منوائیں گے اور اس کے بعد بات آگے بڑھے گی۔