اسلام آباد (وائس آف ایشیا) وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے اجلاسوں میں شریک ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم کو پارلیمنٹ اجلاسوں میں باقاعدگی سے شرکت کے لئے قائمہ کمیٹیوں کی تکمیل کا انتظار تھا، وزیر اعظم عمران خان آئندہ ہفتے سے پارلیمنٹ کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ وزیر اعظم عمران خان بدھ کومنی بجٹ پیش کرنے کے موقع پر پارلیمنٹ آئیں گے، جبکہ وزیر خزانہ اسدعمر کی منی بجٹ پر تقریر کے موقع پروزیر اعظم پارلیمنٹ میں موجود ہوں گے۔دوسری جانب پارلیمانی و قومی
اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے لئے حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں اور قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کا فارمولا طے پا گیا ۔اگلے ہفتے کمیٹیوں کے قیام سے متعلق قومی اسمبلی میں تحریک پیش ہوگی۔تحریک منظور ہونے کے بعد کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا انتخاب شروع ہوجائے گا۔مجموعی طور پر47 پارلیمانی و قائمہ کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ پارلیمانی کمیٹیوں کی سربراہی حکومتی اراکین کے پاس رہے گی۔قومی اسمبلی کی 40 میں سے 19 کمیٹیاں اپوزیشن کو 21 حکومت کوملنے کاامکان ہے۔