لاہور ( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ جو کہتے تھے ڈاکہ پڑا ہے، اسی گنگا میں علیمہ خان نے بھی ہاتھ دھوئے ہیں،کٹھ پتلی حکومت کی کوشش ہے کہ کنٹینر پر جو زبان استعمال کی گئی تھی اسی زبان کے ساتھ حکومت بھی چلائی جا سکتی ہے۔سابق وزیر خرم دستگیر نے الحمرا ہال میں افکار تازہ کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت الٹے پاؤں چل رہی ہے، لاکھوں لوگوں کی چھتیں گرا دی ہیں، پانچ ماہ میں حکومت کچھ
سیکھنے پر آمادہ نظر نہیں آتی، ابھی تک حکومت کی افکار تازہ یہ ہے کہ وزیراعظم خود اور ڈیڑھ درجن صوبائی وزیر آزاد پھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہکٹھ پتلی حکومت کی کوشش ہے کہ کنٹینر پر جو زبان استعمال کی گئی تھی اسی زبان کے ساتھ حکومت چلائی بھی جا سکتی ہے، جو کہتے تھے ڈاکہ پڑا ہے، اسی گنگا میں علیمہ خان نے بھی ہاتھ دھوئے ہیں۔نئے پاکستان سے متعلق سوال کے جواب میں خرم دستگیر نے کہا کہ ایک پاکستان وہ بھی ہے جہاں بغیرکسی وجہ کے شہباز شریف پیشیاں بھگت رہے ہیں۔