راولپنڈی (آن لائن) پاک فوج کے ترجمان میجرجنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ففتھ جنریشن وارفےئر میں نوجوان سوشل میڈیا پر نشانے پرہیں، نوجوان عملی زندگی میں آگے بڑھنے پرتوجہ دیں اور قومی ترقی میں مثبت انداز میں اپنا حصہ ڈالیں، نوجوان دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلتستان یونیورسٹی اسکردو کے طلباء اور اساتذہ کے وفد نے ( آئی ایس پی آر) کا دورہ کیا اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور
سے ملاقات کی ۔میجر جنرل آصف غفور نے وفد کو امن و استحکام سے متعلق پاک فوج کی کاوشوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان دشمن کی سازشیں ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں لہذا طلباء ملک کودرپیش چیلنجز سے باخبر رہیں اور عملی زندگی میں آگے بڑھنے پر توجہ دیں ، قومی ترقی میں مثبت انداز میں اپنا حصہ ڈالیں کیونکہ ففتھ جنریشن وارفےئر میں نوجوان سوشل میڈیا پر نشانے پر ہیں۔ وفد نے گلگت بلتستان میں سماجی و اقتصادی ترقی میں پاک فوج کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔