لاہور (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی جیل میں طبیعت کی ناسازی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ نوازشریف کو ان کی صحت کے حوالے سے لاحق سنگین خدشات کی بنا ء پرذاتی معالجین کو ان تک فوری رسائی دی جائے ،نواز شریف کی صحت کو کچھ ہوا تو وزیر اعظم ، وزیر اعلی، سیکرٹری داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ جیل کیخلاف مقدمہ درج کروائیں گے۔مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ذاتی معالجین امراض قلب کو
جیل میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف تک رسائی نہ دینا ظلم کی انتہا ہے۔پاکستان کی خدمت کرنے والے شخص کے ساتھ یہ رویہ ناقابل قبول، شرمناک اور قابل مذمت ہے۔محمد نواز شریف کے بازو میں درد کی بنا ء پر شک ہے کہ یہ انجائنا کی تکلیف ہوسکتی ہے،ان کی صحت کے حوالے سے لاحق سنگین خدشات کی بنا ء پر ان کے معالجین کو ان تک فوری رسائی دی جائے اور ان کے علاج کے لئے ہنگامی انتظامات کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے شخص کے ساتھ جیل میں جو سلوک ہو رہا ہے اسکی وجہ سے ان کی طبیعت بگڑی ،حکمران عوام کے صبر کا امتحان نہ لیں۔مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہاکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو طبی سہولتیں فراہم نہ کرنے پر شدید تشویش ہے، سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت کو کچھ ہوا تو وزیر اعظم ، وزیر اعلی، سیکرٹری داخلہ اور سپریٹنڈنٹ جیل کیخلاف مقدمہ درج کروائیں گے۔حکومت نواز شریف اور شہباز شریف کو طبی سہولتوں سے دانستہ طور پر محروم رکھ رہی ہے۔مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنمارانا ثنا اللہ نے محمد نواز شریف کی جیل میں طبیعت خراب ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن )کی صحت اور علاج معالجہ کے لیے متعلقہ حکام اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کریں۔محمد نواز شریف کو قانون کے مطابق ان کے علاج معالجے کی سہولیات میں
کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔پاکستان مسلم لیگ (ن) اور عوام کو مجبور نہ کیا جائے کہ وہ اپنے قائد کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر اپنی قیادت کے حکم اور صبر کا دامن چھوڑنے پر مجبور ہوجائے۔انہوں نے کہا کہ حکمران کان کھول کر سن لیں کہ محمد نواز شریف کی صحت کو کوئی گزند پہنچا تو عوام حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنماسینیٹر
آصف کرمانی نے کہاکہ بہترین اور فوری علاج معالجہ کی سہولتیں ہر انسان کا بنیادی حق ہے ،نواز شریف کو اپنے ذاتی معالج سے طبی معائنہ اور علاج کی فوری اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر عدنان خان گزشتہ کئی برسوں سے نواز شریف کے ذاتی معالج ہیں اور انکی صحت بارے پیچیدگیوں کو سمجھتے ہیں ،ڈاکٹر عدنان کو نواز شریف کے طبی معائنہ کرنے کی اجازت نہ دینا زیادتی ہے ۔