لاہور (آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو ذاتی معالج کی ضرورت ہے ، ذاتی معالج نواز شریف کی پیچیدہ میڈیکل ہسٹری سے واقف ہے ۔
جمعہ کو نواز شریف سے ذاتی معالج کو ملنے کی اجازت نہ دینے پر مریم نواز نے ٹوئٹر پراپنے پیغام میں تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے معالجوں نے سارا دن کوشش کی لیکن ملنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ نواز شریف کے بازو میں درد ہے ، یہ انجائنا ہو سکتا ہے ۔ پیچیدہ میڈیکل ہسٹری کی وجہ سے انہیں قابل اعتماد ڈاکٹر کو دکھانے کی ضرورت ہے ۔مریم نواز نے لکھا کہ میاں صاحب صبح سے اپنے بازو میں درد کی شکایت کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود ان کے ذاتی معالج کو ملنے نہیں دیا گیا۔ انہوں نے لکھا کہ ڈاکٹر عدنان نے میڈیکل آفیسر کو بتایا کہ میاں صاحب دل کے مریض ہیں اور ان کے بازو میں درد کی کیفیت خطرناک علامت ہو سکتی ہے لیکن اس کے باوجود انھیں کہا گیا کہ وہ بروز پیر ملاقات کیلئے آئیں۔ سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے بھی ذاتی معالج کی نواز شریف سے ملاقات نہ ہونے دینے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت کو کچھ ہوا تو مقدمہ درج کروائیں گے ۔ مقدمہ وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ ، سیکرٹری داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ جیل کے خلاف درج کروائیں گے ۔