کراچی (این این آئی)پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے)حکام نے سے نشہ کرنے والے پائلٹس اور فضائی میزبانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اندرون و بیرون ممالک جانے والی پروازوں پر پی آئی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے)کے عملے کی جانب سے اچانک چھاپے مارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے کپتان سمیت تمام فضائی میزبانوں کے خون کے نمونے حاصل کیے جائیں گے جس کے بعد کسی بھی فرد کو نشے کی حالت میں ملوث پائے جانے پر ان کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔ سزا کے طور پر انہیں معطلی کے ساتھ ساتھ ملازمت سے فارغ بھی کردیا جائے گا۔انتظامیہ نے بتایا کہ یہ اقدام نشہ اور شراب کی لعنت کے خاتمے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ بین الاقومی جنرل سول ایوی ایشن قوانین کے حفاظتی اقدامات کے تحت اس پر عمل کیا جارہا ہے اور پی آئی اے کے شعبہ شیڈولنگ اینڈ فلائٹ اسٹینڈرڈ کی جانب سے حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق دبئی سافا پروگرام کے تحت ریمپ انسپکشنز کے دوران الکوحل ٹیسٹ بھی کیا جائے گا جس میں بیرون ممالک سے آنے والی پروازوں کے پائلٹس اور فضائی میزبانوں کے بھی الکوحل ٹیسٹ لیے جائیں گے، تمام اقدامات دوران پرواز فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے کیے جارہے ہیں۔انتظامیہ نے بتایا کہ گزشتہ دنوں پی آئی اے کی جانب سے فضائی میزبان کو نشے کی حالت میں ملوث پانے کے بعد معطل کردیا گیا تھا۔