لاہور ( این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی اہل حکومت کی جگہ نااہل حکومت نے لے لی ہے،شہباز شریف کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا جارہا ہے، انہوں نے پنجاب میں دن رات کام کیا اور صلہ یہ ملا؟ ،پنجاب میں میٹرو 11 ماہ میں مکمل ہوئی اور خیبر پختوانخواہ میں اب بھی دھول اڑ رہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کے لیے آنے والے پارٹی رہنماؤں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ
مسلم لیگ (ن)کے ترقیاتی کاموں پر اختلاف کرنے والے آج تعریف کررہے ہیں، پنجاب کی اہل حکومت کی جگہ نااہل حکومت نے لے لی ہے جبکہ خیبر پختوانخواہ کی نااہل حکومت کو دوبارہ اہل قرار دیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات کرنے والے ایک صحافی نے نوازشریف سے سوال کیا کہ آپ چپ کا روزہ کب توڑیں گے؟۔ جس پر سابق وزیر اعظم نے جواب دیا کہ کیسے سنے گا میری کہانی میری زبانی۔نوازشریف سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ یا مریم نواز مارچ سے عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ یہ جیل سے باہر آنے کے بعد بتاؤں گا۔سابق وزیراعظم نے بتایا کہ جیل کے کمرے ٹھنڈے ہوتے ہیں، ہیٹر دیا گیا ہے وہ بھی اپنے مطابق چلتا ہے۔اس دوران وفد میں شامل مسلم لیگ (ن)کے رہنما احسن اقبال نے اپنے قائد سے مکالمہ کیا کہ آپ کی گرفتاری کے بعد عوام کے پیغام آرہے ہیں، اس پر نوازشریف نے مسکراتے ہوئے تبصرہ کیا کہ کتنی دیر تک جیل میں پیغام آئیں گے۔گفتگو کے دوران ایک وکیل کی آمد ہوئی تو نوازشریف نے انہیں دیکھ کر کہا کہ تاریخوں پر تاریخیں ڈلوانے والے آگئے۔اس موقع پر خواجہ آصف نے سابق وزیراعظم سے سوال کیا کہ جیل میں بجلی نہیں جاتی؟نوازشریف نے جواب دیا کہ خواجہ صاحب، پتہ نہیں کس قسم کی بجلی آتی ہے، ہیٹر گرم نہیں ہوتا۔