اسلام آباد (نیوز ڈیسک) برٹش ائیر ویز کی جانب سے پاکستان کے لیے پروازیں شروع کرنے کے اعلان کے بعد اب جرمنی کی ائیر لائن لفتھانسا کی جانب سے پاکستان میں پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی، اس ملاقات میں سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر روابط مسائل کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور اس لیے دونوں ملکوں کے
پارلیمانوں میں موجود دوستی گروپوں کو مزید مؤثر کردار ادا کرنا ہو گا۔ جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے سلیم مانڈوی والا کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر جرمنی کے سفیر نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو بتایا کہ جرمنی کی مشہور ائیر لائن لفتھانسا پاکستان سے اپنی پروازوں کا آغاز کرنے کی خواہش مند ہے، انہوں نے کہا کہ ائیر لائن کے حکام کی ٹیم جائزہ لینے کے لیے پاکستان کاباقاعدہ دورہ کرے گی۔