اسلام آباد(آئی این پی) تربیلا پن بجلی گھرکے 15 پیداواری یونٹ بند ہوگئے، تربیلا ڈیم کے صرف دویونٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، ڈیم سے 141 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 2800 میگا واٹ سے تجاوز کر گیا شہروں میں 12 جبکہ دیہی علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 800 میگا واٹ ہے جن میں سے پن بجلی ذرائع سے 500 میگا واٹ بجلی پیدا ہورہی ہے،
سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 2 ہزارمیگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، آئی پی پیز سے بجلی کی پیداوار 7ہزار 300 میگاواٹ ہے جب کہ طلب ساڑھے بارہ ہزار میگا واٹ سے زائد ہے۔ترجمان تربیلا ڈیم کے مطابق تربیلا پن بجلی گھرکے 15 پیداواری یونٹ بند ہوگئے جس کے بعد تربیلا ڈیم سے پانی کے اخراج میں مزید کمی کا سامنا ہے۔ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم کے صرف دویونٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، ڈیم سے 141 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، ڈیم میں پانی کی آمد 14600 کیوسک، اخراج 5000 کیوسک ہے، ڈیم میں پانی کی سطح 1423.65 فٹ ہے جب کہ ڈیم کا ڈیڈ لیول 1388 فٹ ہے۔ ملک بھر میں بجلی کا بحران جاری ہے اور شارٹ فال 2800 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔ بجلی کی ترسیل کی ذمہ دار کمپنیاں لیسکو، آئیسکو، میپکو اور فیسکو طویل لوڈشیڈنگ کر رہی ہیں اور بعض علاقوں میں یہ دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔ذرائع وزارت توانائی کے مطابق بجلی کی پیداوار طلب سے زیادہ ہے لیکن ٹرانسمیشن لائنز کی ٹرپنگ کی وجہ سے ترسیلی نظام میں خلل آیا۔دوسری جانب لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو)کا شارٹ فال تیسرئے روز800 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے ۔ کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ طلب و رسد میں فرق سے لوڈ مینجمنٹ کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ لوڈ مینجمنٹ کے نام پر لیسکو کے بند فیڈرز کی تعداد بڑھنے لگی ہے۔ شارٹ فال کے سبب شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔لیسکو ذرائع کے مطابق کمپنی کی ڈیمانڈ 23 سو میگاواٹ بجلی ہے اور سسٹم بہتر ہونے تک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی )آئیسکو(ترجمان کے مطابق ٹرانسمیشن لائنز پر ٹرپنگ کی وجہ سے آئیسکو ریجن میں بجلی کی طلب اور رسد میں فرق آگیا ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے تاہم اس پر جلد قابو پالیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق آئیسکو کے پانچوں سرکلز میں مختلف دورانئے کی لو ڈ منیجمنٹ کی جارہی ہے۔لیسکو، فیسکو، میپکو اور آئیسکو میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، دھند اورٹرپنگ کے باعث ٹرانسمیشن لائنز بجلی ترسیل کرنے میں ناکام ہیں جبکہ 500 کے وی کی ٹرانسمیشن لائنز مختلف مقامات سے ٹرپ کرگئیں، پاور ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں بجلی کی پیداواری صورتحال بہتر ہوجائے گی۔