کراچی(این این آئی) حکومت نے ملک بھرکے سرکاری مکانات پر 4500 سے زائد غیر قانونی قابضین سے ایک کے بجائے 3 ماہ کا کرایہ وصول کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔جس کے لیے تھری پنالٹی رینٹ چارج کا رول اسٹیٹ آفس کے ترمیمی اکاموڈیشن اینڈ ایلوکیشن رول میں شامل کیاجائے گا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے سرکاری رہائش گاہوں کی الاٹمنٹ میں بے ضابطگیوں کے خاتمے کے لیے اکاموڈیشن
اینڈ ایلوکیشن رولز 2002میں ترمیم کیلئے کام شروع کردیاہے۔ذرائع نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ کیاگیاہے کہ اکا موڈیشن اینڈ ایلو کیشن رولز2002میں ترمیم کر کے ایک نیا رول بھی اس میں شامل کیا جائے جس کے تحت ایسے سرکاری ملازمین جو سرکاری رہائش گاہوں میں خلاف ضابطہ رہائش اختیارکیے ہوئے ہیں ان سے جرمانے کے طور پرایک ماہ کے بجائے ہرماہ 3گناکرایہ وصول کیاجائے گا۔